جاپان میں کوروناکیسزمیں اچانک اضافہ،یورپ میں 20 ہزارسےزائداموات

جاپان کےدارالحکومت ٹوکیومیں کوروناوائرس کےنئےکیسزمیں اچانک ریکارڈ اضافہ ہواہے۔جاپانی میڈیا کےمطابق ٹوکیومیں ایک ہی دن میں کورونا وائرس کے68 نئےکیسزرپورٹ ہوئےہیں جن کے بعدجاپان میں کوروناکیسزکی تعداد 1700 ہوگئی۔

ٹوکیوکےگورنرنےلوگوں کو 12 اپریل تک غیرضروری طورپراپنےگھروں سے باہر نہ نکلنےکی ہدایت کی ہے۔جاپان میں کوروناوائرس کاپہلا کیس 14 جنوری کوسامنےآیا تھا،اس وائرس سےاب تک 55 افراد ہلاک ہوچکےہیں،کوروناوائرس کے 404 مریض صحت یاب ہوکراپنے گھروں کولوٹ چکےہیں جبکہ 56 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔دوسری جانب عالمی وبا کوروناوائرس سےیورپ میں اموات کی تعداد 20 ہزارسےبڑھ گئی ہے۔

اٹلی اور اسپین میں ایک دن میں 800 سے زائد اموات رپورٹ کی گئی ہیں، کورونا وائرس کےباعث اس وقت دنیاکی ایک تہائی آبادی کولاک ڈاؤن کاسامناہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سےکچھ ممالک کےحکام نےصورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے جبکہ چین کے شہرووہان میں 2 ماہ کے لاک ڈاؤن کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے لگے ہیں۔

امریکا میں 3 دنوں میں اموات میں دگنا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد اموات کی تعداد 2200 سے زائد ہوگئی ہے، امریکا میں ایک چوتھائی سے زائد اموات صرف نیویارک شہر میں ہوئی ہیں۔

واضح رہےکہ دنیا بھرمیں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6 لاکھ 64 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، اموات کی تعداد 30 ہزار 892 ہوگئیں جبکہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثر ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔