دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب، ملتان کی 20 سے زائد نواحی بستیاں زیر آب 

ملتان: دریائے چناب میں نچلے درجے کا سیلاب ہونے سے ملتان کے نشیبی علاقوں کی 20 سے زائد بستاں زیر اب آ گئی ہیں جس کی وجہ سے سینکڑوں ایکڑ پر کاشت مختلف فصلیں تباہ ہونے پر حکومت نے سیلاب الرٹ جاری کرنے کے حوالے سے غور شروع کر دیا ہے۔

ملتان کے نشیبی علاقوں سے دریائے چناب کا پانی گزرتا ہے تاہم موجودہ صورتحال میں دریا میں پانی کی سطح بلند ہونے پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جس سے نشیبی علاقے قاسم بیلہ، بستی لنگڑیال، امروٹ اور سیال سمیت بیس سے زائد بستیوں میں کٹاو ہونے سے دریا کا پانی داخل ہو چکا ہے جس سے سینکڑوں ایکڑ اراضی پر تیار گندم کی فصل تباہ ہو چکی ہے جبکہ آلو، اروی، اسٹابری کیساتھ آم کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

متاثرہ بستیوں کے مکینوں نے اپنی مدد آپکے تحت نقل مکانی شروع کر کے دریائی علاقوں میں بند باندھنے کا عمل شروع کر دیا ہے جس پر وزیراعلی پنجاب کے ترجمان ندیم قریشی کا کہنا ہے کہ کورونا کیساتھ سیلاب کی تباہی پریشان کن ہے، اسی لیے حکومت جلد ہی سیلاب الرٹ جاری کر دے گی۔
دریا کے نشیبی علاقوں میں پانی کے کٹاو سے متعدد گھر تباہ ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے متاثرہ بستیوں کے مکینوں کی بڑی تعداد بھی گھروں میں پھنس کر رہ گئی ہے۔