کورونا وائرس کو بھگانے کیلئے ہوائی فائرنگ اور ’’گو کورونا گو‘‘ کے نعرے

نئی دہلی: چند روز قبل بھارت میں کورونا وائرس کو بھگانے کے لیے ’گو کورونا گو‘ کے گانے گائے تھے جبکہ کچھ عجیب و غریب واقعات بھی سامنے آئے تھے جس میں دو بچیوں کے نام کرونا اور کووڈ رکھے گئی تاہم کچھ لوگوں کو درختوں پر اور ایک شخص کو کورونا وائرس کی اطلاع پر گاؤں سے بیدخل کرنے کے بعد اسے کشتی پر قرنطینہ کر دیا تھا۔ تاہم بھارت سے ایک اور حیران کن خبر سامنے آئی ہے، وہاں پر کورونا وائرس کو بھگانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی گئی اور ساتھ ساتھ ’گو کورونا گو‘ کے ایک مرتبہ پھر نعرے لگے۔

وزیر اعظم نریندرا مودی کی اپیل پر ملک بھر میں کورونا وائرس کو شکست دینے کے لیے یوم یکجہتی منایا گیا جس کے دوران شمعیں روشن کی گئیں اور کورونا کو شکست دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ ریاست اتر پردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی خاتون رہنما منجو تیواری نے وزیراعظم کی تابعداری مضحکہ خیز انداز میں کی، خاتون رہنما نے نائن ایم ایم پستول سے ہوائی فائرنگ کی اور ساتھ ساتھ ’گو کورونا گو‘ کے نعرے بھی لگاتی رہیں۔

منجو تیواری نے نہ صرف ہوائی فائرنگ کی بلکہ ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کی جس پر اپوزیشن جماعتوں سمیت عوام نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بعد پولیس نے خاتون رہنما کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی۔
ایف آئی آر درج ہونے کے بعد حکمراں جماعت کی رہنما کو اپنی غلطی کا احساس ہوا اور اپنے غیر قانونی اقدام پر معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں نے یوم یکجہتی ہولی کی طرح منایا اس لیے آتش بازی کی۔