کپتان کی توہین مہنگی پڑ گئی، امریکی وزیرِ بحریہ مستعفی 

کورونا وائرس کی وبا سے متاثرہ بحری بیڑے کے جبری مستعفی کپتان کی توہین کرنے والے وزیرِ بحریہ تھامس موڈلی کو بھی استعفیٰ دینا پڑ گیا۔ موڈلی نے استعفیٰ اپنی آڈیو سامنے آنے کے بعد دیا جس میں انہوں نے ایئر کرافٹ کیریئر تھیڈور روزویلٹ کے معزول کمانڈر کو بیوقوف کہا تھا۔

طیارہ بردار بحری جہاز کے کپتان کروزیئر نے اپنے ساتھیوں کو کورونا وائرس سے بچانے کے لیے مدد طلب کی تھی۔ سیلرز میں انتہائی مقبول کپتان روزیئر کو جہاز سے روانگی کے وقت عملے نے سلیوٹ کر کے تالیوں کی گونج میں رخصت کیا تھا۔

امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قائم مقام نیوی سیکریٹری تھامس موڈلی نے برطرف کپتان کی حوصلہ افزائی کرنے والے بحری جہاز کے عملے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس عمل سے باوردی نیوی اہلکاروں اور کمانڈر انچیف کے درمیان تفریق بے نقاب ہو گئی۔

نیوی کے سویلین اعلیٰ عہدیدار تھامس موڈلی نے بحری جہاز پر لاؤڈ اسپیکر سسٹم کے ذریعے پیغام میں ایئرکرافٹ کیریئر تھیوڈور روزویلٹ کے عملے کی جانب سے برطرف کپتان بریٹ کروزیئر کو روانگی کے وقت سلیوٹ کرنے اور تالیاں بجانے کوسخت ناپسند کیا تھا۔

انہو ںنے کہا تھا کہ باوردی اہلکار اپنے کمانڈر انچیف کی پیروی کا حلف اٹھاتے ہیں لیکن اس بار اس میں تفریق دیکھی گئی۔ کپتان کروزیئر کو بحری جہاز کے عملے نے سلیوٹ کیا اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے تالیاں بجائی تھیں۔ کپتان بریٹ کروزیئر کو امریکی صدر ٹرمپ نے بحری جہاز میں کورونا کی وبا پھیلنے کے سلسلے میں مدد طلب کرنے پر برطرف کر دیا تھا۔