سعودی کابینہ نے پاکستان کیساتھ 20 ارب ڈالر کے ایم او یو کی منظوری دیدی، نواف سعید المالکی

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے ایم او یو کی منظوری دے دی ہے۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ نواف سعید المالکی نے بتایا کہ سعودی کابینہ نے 2 روز قبل پاکستان کیساتھ 20 ارب ڈالر کے ایم او یو کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ سال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں 8 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط ہوئے تھے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کے 20ارب ڈالرز مالیت کے منصوبے بھی شامل ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ ایم او یوز میں گوادرمیں8 ارب ڈالرکی لاگت سے آئل ریفائنری کا قیام کا منصوبہ شامل ہے، معدنیات، سعودی اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی میں تکنیکی تعاون کے ایم او یو پر بھی سائن ہوئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ میٹرولوجی، کھیل، پیٹروکیمیکل سیکٹراور بجلی کی پیداوار کے شعبوں میں ایم او یو سائن ہوئے تھے، اس کے علاوہ آئل، توانائی، الٹرنیٹ انرجی اور معدنیات کے 4 بڑے معاہدے بھی ہوئے ہیں۔

سعودی سفیر نے بتایا کہ آئل ریفائنری کے منصوبے 5 سال، الٹرنیٹ انرجی میں ونڈ اور سولرکے منصوبے 3 برس میں مکمل ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تمام ایم او یوز سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے پاکستان دورے کے موقع پر سائن ہوئے تھے۔