صدرڈاکٹر عارف علوی کا پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری سمٹ سے خطاب

اسلام آباد ۔ 8 جنوری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سال 2019کو نرسوں کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیشہ صحت کے شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،اس شعبہ سے وابستہ خواتین کے لئے مناسب تعلیم، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے،صحت کا شعبہ حکومتی ترجیحات میں سرفہرست ہے،صحت مند اور تعلیم یافتہ معاشرے سے بہتر پاکستان کی تعمیر ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے یہ بات منگل کو یہاں پاکستان نرسنگ اینڈ مڈوائفری سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر صحت عامر محمود کیانی، عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ایڈہینم گیری اوسس نے بھی خطاب کیا۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ نرسنگ اور میڈوائفری کے پیشہ سے وابستہ افراد کے کردار کو اجاگر کرنے کے لئے سال 2019ءکو نرسوں کے سال کے طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے عالمی ادارہ صحت اور انٹرنیشنل کونسل آف نرسنگ کے تعاون سے عالمی سطح پر چلنے والی نرسنگ ناﺅ مہم کے پاکستان چیپٹر کے آغاز کا اعلان کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ نرسنگ کے کردار کو بڑھانے اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کا مشن ان کے دل کے قریب ہے۔ کیونکہ یہ پیشہ صحت کے شعبہ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے اس پیشہ سے وابستہ خواتین کی استعداد کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان کی مناسب تعلیم اور تربیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں فیصلہ سازی میں قائدانہ کردار دیا جانا چاہئے۔صدر مملکت نے اس موقع پر نرسنگ ڈپلومہ پروگرام کو ڈگری پروگرام میں تبدیل کرنے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کا عزم ہے کہ آئندہ دو سالوں میں نرسنگ کے شعبہ میں افراد کی تعداد کو دگنا کیا جائے گا۔۔