حکومت خیبرپختونخوا اور این ٹی سی کے مابین پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن پہل-911 کے قیام کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط

خیبر پختونخوا حکومت نے سب پہلے پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن پہل-911 کے قیام کے لئے اقدامات اٹھا کر دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت اور نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن(این ٹی سی) کے مابین پہل-911 ہیلپ لائن کے قیام کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے حوالے سے بدھ کے روز کبینٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں تقریب کا انعقادہوا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے تقریب میں انتظامی سیکرٹریز، منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی اور اعلیٰ افسران سمیت وفاقی اور صوبائی محکموں کے حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور خوشحال خان اور جنرل منیجر ڈیٹا اینڈ آئی ٹی، این ٹی سی شاہد حسین نے پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن پہل-911 کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔سیکرٹری داخلہ خوشحال خان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق خیبر پختونخوا میں پاکستان ایمرجنسی ہیلپ لائن پہل۔911 کے لئے صوبائی کنٹرول روم کے قیام اور فعالیت کے لئے بروقت اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیلپ لائن کے قیام سے شہریوں کو تمام ایمرجنسی سروسز اب یونیورسل ہیلپ لائن پہل-911 سے میسر ہونگیں۔منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی سی معراج گل نے کہا کہ خیبر پختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں پہل-911 ہیلپ لائن کو قائم کیا جا رہا ہے۔ صوبائی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پر عمل کرکے دیگر صوبوں پر سبقت حاصل کی ہے۔معراج گل نے بتایا کہ صوبائی حکومت اور این ٹی سی کے مابین پہلی مفاہمتی یادداشت ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت پہل۔911 کے حوالے سے این ٹی سی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ ہیلپ لائن کے لئے کال ایجنٹس کی بھرتی مکمل کر لی گئی ہے اور کال ایجنٹس کے پہلے گروپ کی تربیت بھی مکمل ہوگئی ہے۔ اس کے علاوہ صوبائی حکومت نے این ٹی سی کو ہیلپ لائن کے لئے فنڈز بھی مہیا کر دیئے ہیں۔سیکرٹری داخلہ نے مزید بتایا کہ پہل- 911 ہیلپ لائن کے صوبائی کنٹرول روم کا اگلے ہفتے باقاعدہ افتتاح کیا جائے گا۔