راجستھان میں باراتیوں سے بھری بس دریا میں گرگئی، 24 افراد ہلاک

بھارت کی ریاست ’راجستھان‘ میں بنڈی ضلع میں کوٹا ڈوسا شاہراہ پر باراتیوں کی بس ڈرائیور سے بے قابو ہو کر دریا میں جاگِری اور حادثے میں 24 افراد ہلاک ہوگئے۔لکھیری پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر راجندر کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ بس صبح سویرے مادھو پور کو کوٹہ سے کوڈہ جارہی تھی۔ لکھیری پولیس حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 10 خواتین بھی شامل ہیں۔

ریاست راجستھان کے قصبے ’بوندی‘ کے ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ شریواج مینا کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی بس پُل پر سے گزرہی تھی کہ ڈرائیور گاڑی پر اپنا کنٹرول کھوبیٹھا اور گاڑی دریا میں جاگِری۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس میں 28 مسافر سوار تھے۔شریواج مینا نے بتایا کہ ’گاڑی راجستھان کے شہر کوٹہ سے باراتیوں کو لے کر آرہی تھی کہ راستے میں بس بے قابو ہوکر پُل سے نیچے دریا میں گِر گئی‘۔علاوہ ازیں واقعے کی تصویروں میں بھی بس کو دریا میں گِرے ہوئے اور قریبی گاؤں کے لوگوں اور ریسکیو کے عملے کو دریا میں سے لاشیں نکالتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت میں ہر سال ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 1 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں جس کا ذمہ دار اکثرگاڑیوں کی خستہ حالت اور بس ڈرائیورز کی لاپرواہی کو قراردیا جاتا ہے۔گزشتہ مہینے بھی بھارت کے مغربی حصے میں ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایک بس اور رکشہ آپس میں ٹکراگئےتھے اور گاڑی کنویں میں جاگِری تھی جس کے نتیجے میں 26 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔