’کسی اور ملک کے قومی ہیرو سے شادی کے بعد کیا سہنا پڑتا ہے میں جانتی ہوں‘جمائمہ

پاکستان کے موجودہ وزیراعظم اور سابق کرکٹ کپتان عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ کا کہنا ہے کہ کسی اور ملک کے قومی ہیرو سے شادی کرنے کے بعد کیا کچھ سہنا پڑتا ہے یہ میں اچھی طرح جانتی ہوں۔عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ کا برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل کے شاہی محل چھوڑنے کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قومی ہیرو سے شادی کرنے والی غیر ملکی خاتون کو میڈیا اس کی قومیت کی وجہ سے نشانہ بناتا ہے۔جمائمہ نے کہا کہ انھیں بھی ماضی میں یہودی قرار دے کر نشانہ بنایا گیا۔

برطانوی شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن مارکل نے گذشتہ دنوں شاہی خاندان کے سینیئر فرد کی حیثیت سے دستبرداری کا اعلان تھا۔اس کے بعد برطانوی شہزادے ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل کے امریکی ٹی وی کو متنازع انٹرویو کی تیاریوں کی خبروں نے برطانوی شاہی خاندان کی نیندیں اڑا دیں ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق شاہی خاندان کو تشویش ہےکہ انٹرویو میں میگھن شاہی محل پر نسلی اور صنفی تعصب کے الزامات لگائیں گی جب کہ دونوں بھائیوں کی مبینہ رنجش کا معاملہ بھی عوامی بحث کا حصہ بنے گا، جس سے شاہی خاندان کے وقار کو ٹھیس پہنچے گی۔

شہزادہ ہیری اور میگھن کے قریبی دوست اور برطانوی صحافی ٹام براڈبے کے مطابق ہیری اور میگھن دونوں کو شاہی محل کی روایات سے اختلافات ہیں۔میگھن کو شکایت ہے کہ انہیں زبردستی خاموش کرادیا گیا اور وہ مزید چپ رہنےکو تیار نہیں جب کہ انہیں اکثر حسد اور سرد مہر رویوں کا سامنابھی کرنا پڑا۔
برطانوی میڈیا میں یہ خبریں بھی ہیں کہ شہزادہ ہیری اپنے بھائی شہزادہ ولیم کے حاکمانہ رویے کی وجہ سے محل چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔