ای او بی آئی پنشن میں مزید ہزاروں روپے اضافے کا اعلان

اسلام آباد: ای او بی آئی پنشن میں مزید ہزاروں روپے اضافے کا اعلان، ای او بی آئی بورڈ کا اجلاس 21 فروری کو طلب، پنشنرز کی پنشن میں 2ہزار روپے اضافے کی منظوری دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق کل 21 فروری بروز جمعہ کو ای او بی آئی بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ای او بی آئی بورڈ کا اجلاس سیکرٹری اوورسیز پاکستانی کی زیر صدارت ہو گا۔اجلاس کے دوران بورڈ پنشنرز کی پنشن میں 2ہزار روپے اضافے کی منظوری دے گا۔ بورڈ کی منظوری کے بعد آئندہ ماہ سے پنشنرز کو ای او بی آئی پنشن میں 2 ہزار روپے اضافی ملیں گے۔اس سے قبل وزیراعظم نے گزشتہ برس دسمبر میں بزرگ پنشنرز کی پنشن میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم نے اعلان کیا تھا کہ ہماری حکومت نے1 سال میں ای او بی آئی کے بزرگ پنشنرزکوملنےوالی رقم 62 فیصد اضافے کیساتھ 5250 سےبڑھاکر8500 روپےکردی ہےجس سے پنشنرزکو ریٹائرمنٹ کےبعد کے ایام میں مالی تحفظ فراہم کرنےمیں مدد ملےگی۔اس سرمائے کاکثیرحصہ خود ادارے کی اصلاح سےحاصل ہورہاہے۔ ریاست مدینہ کی جانب یہ ایک اور اہم قدم ہے۔ تاہم وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کیے جانے والے اعلان پر گزشتہ 2 ماہ سے عملدرآمد نہیں ہو پایا تھا۔ اب ای او بی آئی بورڈ کی منظوری کے بعد وزیراعظم کے فیصلے کا اگلے ماہ سے باقاعدہ اطلاق کر دیا جائے گا۔اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر خاص زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے سے قبل ای او بی آئی کا ادارہ نقصان میں جا رہا تھا، تاہم اب مختلف منصوبے شروع کر کے اور سرمایہ کاروں کو راغب کر کے ادارے کو منافع بخش ادارے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

زلفی بخاری اس عزم کا اظہار کر چکے ہیں کہ تحریک انصاف کی حکومت کی مدت پوری ہونے تک کم سے کم پنشن 15 ہزار روپے تک پہنچانے کی کوشش کی جائے گی۔