یوم پاکستان کی پریڈ منسوخ، مدارس سمیت تعلیمی ادارے بندرکھنے کافیصلہ

وزیراعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی نے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے 23 مارچ کو یوم پاکستان کی پریڈ منسوخ کردی جبکہ ملک بھر میں مدارس سمیت تمام تعلیمی ادارے بھی 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکی سرحدوں کے ساتھ ٹھوس اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حفاظتی اقدامات کے تحت ملک بھر میں اسکول، کالجز، مدارس سمیت دیگر تمام تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھے جائیں۔

اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ مسلح افواج سمیت تمام ادارے کورونا کی روک تھام کیلئے مل کر کام کریں گے۔قومی سلامتی کمیٹی نے کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر 23 مارچ یوم پاکستان کی پریڈ بھی منسوخ کردی، ملک بھر عوامی اجتماعات اور شادی کی تقریبات پر بھی پابندی عائد کردی گئی، جبکہ ملک بھر کی سرحدیں بھی 15 روز کیلئے بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا کہ سرکاری اور نجی اسکولوں اور جامعات سمیت تمام تعلیمی ادارے بشمول مدارس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 27 مارچ کو تعلیمی ادارے کھولنے سے متعلق جائزہ لیا جائے گا۔پاکستان میں کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 21 ہے، جن میں زیادہ تر کا تعلق کراچی سے ہے، تاحال 2 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مہلک مرض سے 5 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔سندھ حکومت پہلے ہی کورونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں 30 مئی تک گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان کرچکی ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان حکومتوں نے بھی چھٹیوں کا فیصلہ کیا ہے۔