ایران، کورونا سے بچنے کے لیے 300 افراد زہریلا کیمیکل پینے سے جاں بحق 

کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ایران میں 300 افراد زہریلا کیمیکل پینے سے جاں بحق ہوگئے جب کہ ڈھائی ہزار سے زائد افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ٹوٹکوں اور افواہوں کا بازار گرم ہے جن پر خوف زدہ عوام نے تصدیق کیے بغیر عمل کرنا شروع کردیا۔سوشل میڈیا سے حاصل کر دہ ٹوٹکے پر عمل کرنا لوگوں کو بہت مہنگا پڑ گیا کیونکہ ایک ٹوٹکے پر عمل کرتے ہوئے سیکڑوں افراد نے زہریلا کیمیکل میتھانول پی لیا۔

یاد رہے کہ ایرانی ڈاکٹر نے بتایا کہ میتھانول کیمیکل پینے کی وجہ سے حالیہ ہفتے 300 اموات ہوئی ہیں جب کہ چند ماہ کے دوران ٹوٹکوں پر عمل کرنے کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 480 ہوگئی ہے۔

ایرانی ڈاکٹر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر مزید بتایا کہ زہریلا کیمیکل پینے سے 2 ہزار 700 افراد کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے۔اس کیمیکل کو پینے سے ایک ہزار کی حالت تشویشناک ہے جب کہ کچھ مریضوں کی بینائی بھی ضائع ہوئی ہے جن میں ایک پانچ سال کا بچہ بھی شامل ہے۔

واضح رہے کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ بلا تصدیق کسی قسم کے ٹوٹکے پر عمل نہ کیا جائے۔