پاکستان اٹلی کا اینٹی کرونا ادویات عطیہ 

پاکستان نے کلوروکوئین کی 5 لاکھ گولیاں اٹلی کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کلوروکوئین کی فراہمی پاک فوج کے ذریعے عمل میں آئے گی۔ اطلاعات ہیں کہ یہ دوا کرونا وائرس کے علاج میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

چین کے شہر ووہان سے دنیا بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس کا تاحال کوئی مصدقہ علاج دریافت نہیں ہوا، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا تھا کہ ملیریا سے بچاؤ کی دوا کلوروکوئین مہلک مرض کرونا وائرس کے علاج کیلئے بھی استعمال ہوگی۔

اطالوی حکومت کی جانب سے جاری ایک اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد اس پیشرفت کی تصدیق کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق اٹلی کو کلوروکوئین کی ٹیبلٹس عطیہ کرنے کا باضابطہ فیصلہ وزیرخاجہ شاہ محمود قریشی کے اطالوی سفارتخانے کے دورے کے موقع پر پاکستان میں تعینات اٹلی کے سفیر سے ملاقات کے دوران کیا گیا۔

اٹلی کے وزیر برائے خارجہ امور لوگی ڈی مائیو نے ایسے وقت میں کہ جب پورا ملک کرونا وائرس سے شدید ترین متاثر ہے، پاکستانی حکومت کی جانب سے ادویات کی فراہمی کے اقدام کو سراہا ہے۔

اٹلی میں آج بھی کرونا وائرس سے 919 افراد ہلاک ہوگئے، دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات میں اٹلی پہلے نمبر پر ہے جہاں اب تک 9 ہزار 134 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ دنیا بھر میں آج 2 ہزار 379 ہلاکتوں کے ساتھ مرنیوالوں کی تعداد 26 ہزار 447 تک پہنچ چکی ہے۔ متاثرہ مریضوں میں امریکا 94 ہزار 425 افراد کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ 86 ہزار 498 مریضوں کے ساتھ اٹلی کا دوسرا نمبر ہے۔

پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1329 تک پہنچ چکی ہیں، 9 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد صحتیاب ہوچکے ہیں تاہم ملک بھر میں قائم قرنطینہ اور آئسولیشن سینٹرز میں اب بھی ہزاروں مشتبہ مریض موجود ہیں، جن میں اکثریت ایران سے آنیوالے زائرین کی ہے۔

کلوروکوئین کے کرونا وائرس کے علاج میں مؤثر ہونے کی خبروں کے بعد پاکستان میں اس دوا کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوگیا تھا، تاہم حکومت نے ڈاکٹری نسخے کے بغیر اس کی فروخت پر پابندی لگادی تھی۔

کورونا وائرس عالمی وبا بن چکا ہے اور دنیا بھر میں اب تک ساڑھے پانچ لاکھ افراد اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 24 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

امریکا متاثرہ مریضوں کی تعداد میں چین، اسپین اور اٹلی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب آگے نکل چکا ہے۔ اٹلی کے وزیر اعظم کورونا وائرس کے آگے ہتھیار ڈالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ہم اس وبا سے بچنے کے لیے کسی آسمانی امدادکے منتظر ہیں۔