سمانہ ملائکہ رضا کی ہزارہ برادری کے شہیدوں کے لواحقین سے ملاقات، تعزیت

اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی انسانی حقوق کے سیل کی مرکزی جنرل سیکریٹری سمانہ ملائکہ رضا نے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر کوئٹہ میں انسانی حقوق کی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں۔ سمانہ ملائکہ رضا نے ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے شہیدوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کے عہدیداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے انسانی حقوق سیل کی مرکزی جنرل سیکریٹری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے حقوق بلوچستان کا آغاز کرکے بلوچستان کے عوام سے ماضی میں ہونے والی ناانصافیوں کے ازالے کی شروعات کی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں۔

سمانہ ملائکہ رضا نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید چاروں صوبوں کی زنجیر تھیں۔ ان کا فلسفہ آج بھی وفاق کی سلامتی کے لئے مشعل راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے۔ بلوچستان کے عوام خاص طور پر نوجوان چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کریں تاکہ بلوچستان سے ہونے والی ناانصافیوں کا ازالہ ہو سکے۔