پیپلز پارٹی ہیومن رائٹس سیل نے مانسہرہ میں عام انتخابات کیلئے خواتین کی انتخابی مہم پر پابندی کی مذمت کی ہے ۔

اسلام آباد : پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ہیومن رائٹس سیل نےمانسہرہ میں 8 فروری کو ہونے والے آئندہ عام انتخابات میں خواتین کی انتخابی مہم پر عائد حالیہ پابندی کی شدید مذمت کی ہے۔ پی پی پی ہیومن رائٹس سیل کی جنرل سیکرٹری سمانہ ملائکہ رضا نے مطالبہ کیاہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) معاملے کی مکمل تحقیقات کرے اور خواتین کے الیکشن لڑنے کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی کے ذمہ داروں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کرے۔

جمیعت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی ف) کے سرکردہ ارکان سمیت 30 علما کے ایک گروپ کی طرف سے نافذ کردہ پابندی نہ صرف جمہوری اقدار کی براہ راست خلاف ورزی ہے بلکہ صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کے اصولوں کی بھی توہین ہے۔ پیپلز پارٹی اس بات پر پختہ یقین رکھتی ہے کہ خواتین کو سیاسی سرگرمیوں کے تمام پہلوؤں میں آزادانہ اور فعال طور پر حصہ لینے کا حق ہے۔سمانہ ملائکہ رضا نے جمہوریت اور صنفی مساوات کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیاہے اور کہاہے کہ علماء کے ایک گروپ کی طرف سے عائد کردہ پابندی نہ صرف رجعت پسند ہے بلکہ خواتین کی سیاسی شرکت کو یقینی بنانے میں ہونے والی پیش رفت کو بھی نقصان پہنچاتی ہے۔ پیپلز پارٹی خواتین کے حقوق کے لیے دیرینہ عزم رکھتی ہے اور سیاست سمیت معاشرے کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات کی وکالت کرنے میں سب سے آگے رہی ہے۔

خواتین کی انتخابی مہم پر پابندی ہماری پیاری رہنما، شہید بے نظیر بھٹو کی اس وقت کی مخالفت کی یاد دلا دیتی ہے، جب انہوں نے وزارت عظمیٰ کے عہدے کے لیے انتخاب لڑا تھا۔ رکاوٹیں توڑنابے نظیر بھٹو کی میراث ہے انہوں نے اور لاتعداد خواتین کو سیاست اور عوامی خدمت میں شامل ہونے کے لیے بااختیار بنایا۔ سیاست میں خواتین کی شرکت کے خلاف کسی بھی قسم کی مخالفت کاسامنے آنا مایوس کن ہے۔

پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ خواتین کی انتخابی مہم پر اس امتیازی پابندی کے خلاف فوری کارروائی کرے۔ ہم ای سی پی پر زور دیتے ہیں کہ وہ سیاسی شرکت پر صنفی بنیاد پر پابندیوں کو ختم کرے، جنس سے قطع نظر تمام امیدواروں کے لیے یکساں مواقع کو یقینی بنائے۔

مزید برآں، ہم مانسہرہ کے عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس رجعتی اور امتیازی پابندی کو مسترد کریں۔ اپنے ووٹ کا حق ایسے امیدواروں کے حق میں استعمال کریں جو جمہوریت، شمولیت اور صنفی مساوات کو ترجیح دیتے ہیں۔ آئیے ہم سب مل کر خواتین کے حقوق کی حمایت میں متحد ہوں اور انہیں بااختیار بنائیں کہ وہ ملک کے مستقبل میں فعال طور پر اپنا حصہ ڈالیں۔

پی پی پی خواتین کے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے اور ایک ایسا معاشرہ بنانے کے لیے اپنےغیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتی ہے جہاں خواتین بلا خوف و خطر اپنے سیاسی حقوق کا استعمال کر سکیں۔