یونیورسٹی آف گجرات کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرزاہد یوسف کا پیسیفک یونیورسٹی کیلیفورنیاکادورہ، دوطرفہ تعاون پر بات چیت

پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف ڈین یونیورسٹی آف گجرات یونیورسٹی آف دی پیسیفک کیلیفورنیاامریکہ کا اہم دورہ کیا۔یہ دورہ ڈائریکٹر گریجویٹ پروگرام ڈاکٹر چنگ وین ڈونگ کی خصوصی دعوت پر کیا گیا جو شعبہ ابلاغیات کے سربراہ سے ایک سرکردہ ماہر تعلیم ہیں۔ اس دورے نے نہ صرف دونوں ممالک کے ماہرین تعلیم کے درمیان نتیجہ خیز بات چیت کی سہولت فراہم کی بلکہ دونوں یونیورسٹیز کے درمیان جدیدتعلیمی اور تحقیقی تعاون کے سلسلے کی بنیاد بھی رکھی۔

اس دورے کے دوران ڈاکٹر زاہد یوسف نے پریذیڈنٹ یونیورسٹی آف پیسیفک کرسٹوفر کالہان، نائب صدر میری لومیکس، ایسوسی ایٹ پرووسٹ ڈیوڈ اوجیسیئس، ڈین لی سکنر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سکالرز اینڈ سروسز پیٹرک وولک، ڈائریکٹر ایڈمیشنز سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں نے تعلیمی تعاون اوردوطرفہ تعلقات  کو بڑھانے کے لیے مشترکہ وژن پر زور دیا۔

پریذیڈنٹ کالہان کے ساتھ اپنی ملاقات کے دوران ڈاکٹرزاہد یوسف نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور کی طرف سے پریذیڈنٹ کرسٹوفر کالہان کو ایک خصوصی خط پیش کیا، جس میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعلیمی ترقی کی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔پریذیڈنٹ کالہان نے ایکسچینج پروگرام کے بارے میں جوش و خروش کا اظہار کیا اور وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر مشاہد انور کے نام اپنے خط میں دونوں ممالک کے لیے اس کے علمی اور ثقافتی فوائد کی تصدیق کی۔ڈاکٹر زاہد یوسف نے پریذیڈنٹ کالہان کو سنٹر فار میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹیڈیز یونیورسٹی آف گجرات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ پریذیڈنٹ کالہان نے سنٹرکی ترقی اور پاکستانی صحافت میں اس کے مثبت کردار کو سراہا،پاکستان اور امریکہ کے درمیان تحقیقی اور ثقافتی اشتراک میں سنٹرکے کردار کی تعریف کی اوراس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں پروفیسر چنگ وین ڈونگ کے ساتھ سنٹر کا دورہ کرنا چاہیں گے۔

ڈاکٹر زاہد یوسف نے ڈاکٹر ڈونگ، ڈائریکٹر گریجویٹ پروگرام کے ساتھ کئی منصوبوں پر کام کیا جن کا مقصد تعلیمی منظرنامے کو تقویت دینا اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ ان مجوزہ اقدامات میں سنٹر فار میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹیڈیز یونیورسٹی آف گجرات کے پوسٹ ڈاکٹریٹ طلباء کے لیے تربیتی پروگرام، فیکلٹی ایکسچینج پروگرام، طلباء کے تبادلے، اور ڈبل ڈگری پروگرام شامل ہیں۔

یونیورسٹی آف گجرات اور یونیورسٹی آف پیسیفک کے درمیان مجوزہ ایکسچینج پروگرام طلباء کو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے عالمی تعلیمی ماحول سے ناصرف روشناس کروائے گا بلکہ جدید دنیا کے مسائل سے نمٹنے کے لئے نت نئے طریقہ کار بھی سکھائے گا۔