یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت کے مابین صحت کے شعبے تعاون، فیملی پلاننگ سکلز لیب کا افتتاح

b (3)

یو ایس ایڈ اور سندھ حکومت میں شراکت داری کے تحت آج جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر میں جدید ترین فیملی پلاننگ اسکلز لیب کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری اور سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے شرکت کی، جس میں صوبے بھر میں صحت کی سہولیات تک رسائی اور معیار کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئےسندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ “یہ اسکلز لیب سندھ بھر کے عوام کی ضروریات کو پورا کرے گی اور صحت کی سہولیات کو بہتر بنائے گی۔” انہوں نے صحت اور خاندانی منصوبہ بندی کے شعبے میں یو ایس ایڈ کے سندھ حکومت کے ساتھ مسلسل تعاون کو بھی سراہا۔

یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے زچہ و بچہ کی صحت اور رضاکارانہ طور پر خاندانی منصوبہ بندی کے فروغ میں تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا، “فیملی پلاننگ سکلز لیب کا افتتاح خواتین اور پسماندہ خاندانوں کو صحت کی معیاری سہولیات فراہم کرنے کے مشن کا حصہ ہے “۔ انہوں نے تولیدی صحت کی خدمات کو بہتر بنانے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے میں پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ اور حکومت سندھ کی خدمات کا اعتراف کیا۔

فیملی پلاننگ سکلز لیب، جے پی ایم سی اور یو ایس ایڈ کے وسیع تعاون کا اہم سنگ میل ہے۔ یہ سکلز لیب صحت کے شعبے سے منسلک پیشہ ور افراد کو اعلیٰ معیار کی خاندانی منصوبہ بندی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے تربیت سے بھی آراستہ کرے گی۔

بعد ازاں، مشن ڈائریکٹر سوم وونگسری نے یو ایس ایڈ کے لوکل ورکس پاکستان کے پروگرام ‘جستجو’ کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر، انہوں نے کہا کہ لوکل ورکس پاکستان اپنے لوکلائزیشن ایجنڈے کے لیے یو ایس ایڈ کے عزم کی نمائندگی کرتا ہے جو پائیدار ترقی کے حل کے لیے جامع، مساوی اور مقامی طور پر زیرقیادت اقدامات پر عمل پیرا ہے۔
‘جستجو’ ایک تین سالہ سماجی ہم آہنگی کا اقدام ہے جو یو ایس ایڈ اور چانن ڈیویلپمنٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے تاکہ سماجی ہم آہنگی کو بڑھانے اور پرامن بقائے باہمی کو فروغ دینے کے لیے جامع اور پائیدار اقدامات کی پیروی کرتے ہوئے کمیونٹی کی سطح پر مقامی اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔