فوسپا نے سابق قونصل جنرل کے خلاف ہائی پروفائل ہراسانی کیس کا فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (نیوز وائر انٹرنیشنل) — وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسانی برائے خواتین (FOSPAH) محترمہ فوزیہ وقار نے محترمہ آمنہ عمر بمقابلہ جناب مرزا سلمان بیگ، سابق قونصل جنرل پاکستان قونصلیٹ بارسلونا، اسپین کے درمیان ہائی پروفائل ہراسانی کیس کا حتمی فیصلہ سنا دیا ہے۔
محترمہ آمنہ عمر نے جنوری سے جولائی 2022 کے دوران قونصلیٹ میں اپنی تعیناتی کے دوران متعدد بار جنسی ہراسانی کا الزام عائد کیا تھا۔ ملزم مرزا سلمان بیگ نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ آمنہ عمر کی برطرفی کے بعد یہ شکایت انتقامی کارروائی کے طور پر دائر کی گئی۔
قانونی کارروائی، تحریری بیانات، جرح، گواہوں کے بیانات، اور دستیاب دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے بعد، وفاقی محتسب نے فیصلہ دیا کہ الزامات کو ٹھوس ثبوت کے ساتھ ثابت نہیں کیا جا سکا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ مقدمے میں کوئی فارنزک معاونت، ٹھوس شہادت یا گواہوں کی متفقہ اور واضح گواہی موجود نہیں تھی۔
فوسپا نے اپنے فیصلے میں ایک بار پھر واضح کیا کہ ہر شکایت کو میرٹ کی بنیاد پر جانچا جاتا ہے۔ اس فیصلے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ فوسپا ہراسانی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے لیکن ساتھ ہی منصفانہ سماعت اور قانونی عمل کو بھی یقینی بناتی ہے۔
ادارے نے اعادہ کیا کہ وہ ہر شکایت کو شفاف اور غیر جانبدارانہ طریقے سے نمٹانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ ورک پلیس کو محفوظ بنایا جا سکے