حکومت وفاقی بجٹ میں محنت کش اور تنخواہ دار طبقے کی امنگوں کا خیال رکھے

k

اسلام آباد ( ) پیپلز لیبر بیورو پاکستان کے انچارج اور پیپلز پارٹی کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن چوہدری منظور احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاقی بجٹ میں محنت کش اور تنخواہ دار طبقے کی امنگوں سے ہم آہنگ پیپلز پارٹی کی تجاویز اور مطالبات کو مدنظر رکھا جائے، منگل کو بجٹ سے قبل پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں بھی ان مطالبات کو زیربحث لایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پیپلز سنٹرل سیکریٹریٹ میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پیپلز لیبر بیورو سنٹرل پنجاب کے صدر سید نذر حسین شاہ، خیبر پختونخواہ کے صدر شاہ ذوالقرنین، محترمہ مسرت قاضی، عبداللہ شاہ، راجہ عبدالمجید، سجاد حسین ساجد، محمد اعجاز، راجہ پرویز اختر، جاوید احمد، ذیشان شاہ، سید گلفراز کاظمی، آصف رسول کھوکھر، راجہ تصدق خیام، معظم علی زاہد، غلام محمد بلتی، راجہ غلام مرتضیٰ، صفدر حسین بلوچ، کبیر خان، طیب چٹھہ اور دیگر مزدور راہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔

چوہدری منظور احمد نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنوں میں کم از کم پچاس فیصد، ای او بی آئی پنشن میں سو فیصد اضافے اور مزدور اور صنعتی کارکن کی کم از کم اجرت پچاس ہزار روپے کرنے کا مطالبہ کیا۔ چوہدری منظور احمد نے بتایا کہ انہوں نے گذشتہ ہفتے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ملاقات کے دوران بھی محنت کشوں اور سرکاری ملازمین کے مسائل اور مطالبات کے حوالے سے آگاہ کیا تھا جس پر صدر زرداری نے کہا تھا کہ معاشرے کی ترقی محنت کشوں کو ریلیف دیئے بغیر ممکن نہیں پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مزدور اور ملازمت پیشہ طبقے کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے اقدامات کیے ہیں۔ ”

چوہدری منظور احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام ایڈہاک ریلیف کو بنیادی تنخواہوں میں ضم اور پنشن اصلاحات کے نام پر کیے جانے والے اقدامات واپس لیے جائیں۔ محنت کشوں کی کم از کم ماہانہ اجرت پچاس ہزار روپے مقرر کی جائے۔ ملازمین کے کنوینس اور رہائشی الاؤنس میں مارکیٹ ریٹ کے مطابق اضافہ کیا جائے اور قومی اثاثوں کی نجکاری اور خرید و فروخت کے منصوبے ختم کیے جائیں۔ چوہدری منظور احمد نے کہا کہ پنجاب میں ورکرز ویلفیئر اور ای او بی آئی کے فنڈز کسی اور صوبائی منصوبے میں استعمال نہ کیے جائیں ان فنڈز پر صرف محنت کشوں اور انکے خاندانوں کا حق ہے۔ حکومت پی آئی اے، سول ایوی ایشن، واپڈا، او جی ڈی سی ایل اور دیگر قومی اداروں اور پنجاب کے صوبائی اسکولوں، کالجوں، ہسپتالوں اور بلدیاتی اداروں کی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ نہ کرنے کا واضح اعلان کرے، یوٹیلٹی سٹورز اور پی ڈبلیو ڈی کو بند کرنے کا فیصلہ واپس لیا جائے۔ اس موقع پر چوہدری منظور احمد، سید نذر حسین شاہ اور شاہ ذوالقرنین نے اعلان کیا کہ پیپلز لیبر بیورو اور ملحوہ ٹریڈ یونینز کے عہدیداران اور کارکن منگل کو دو بجے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے سرکاری ملازمین کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں گے۔