برسلز میں خالد فاروقی میموریل فریڈم فیسٹیول منعقد ہوا، مقررین نے مرحوم صحافی خالد فاروقی کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا

m2

نامور صحافی و دانشور اور جیونیوز کے یورپ کے لیے سابق بیوروچیف خالد حمید فاروقی کی تیسری برسی کے موقع پر گزشتہ روز یورپی ہیڈکوارٹر برسلز میں خالد فاروقی میموریل فریڈم فیسٹیول منعقد ہوا۔
پاکستان پریس کلب بلجیم اور کشمیرکونسل ای یو نے مشترکہ طور پر پروگرام کا اہتمام کیا جس کے دوران تعزیتی ریفرنس اور شاعری اور موسیقی کی محافل منعقد ہوئیں۔ فیسٹیول کی سرپرستی کے فرائض کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے انجام دیئے جبکہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹس (پی ایف یو جے) کے صدر افضل بٹ پروگرام کے مہمان خصوصی تھے۔

اس دوران تعزیتی ریفرنس کی صدارت دانشور راؤ مستجاب احمد نے کی اور محفل مشاعرہ کی صدارت صغیرانوروٹو نے کی۔ نقابت کے فرائض پاکستان پریس کلب بلجیم کے صدر چوہدری عمران ثاقب نے انجام دیے اور پروگرام کا استقبالیہ نوٹ جنرل سیکرٹری ندیم بٹ نے پیش کیا۔

مقررین میں علی رضا سید، خالد فاروقی کی اہلیہ ایلا فاروقی، بیٹی مایہ فاروقی اور بیٹا کامل فاروقی اور ڈاکٹر اسلم سید کی اہلیہ کشور مصطفےٰ اور بیٹی بنفشہ سکینہ سید، طاہرہ رباب، شیراز راج، اکرم قائم خانی، سید اعجاز سیفی اور سردار سلیمان شامل تھے۔ مقررین نے زبردست الفاظ میں مرحوم خالد حمید فاروقی کی صحافتی اور سماجی خدمات کو سراہا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران دیگر مرحومین پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید، سید عارف نقوی، خالد احمد اور خواجہ ظفر کے بارے میں بھی خیالات کا اظہار کیا گیا اور ان کی خدمات کو سراہا گیا۔

چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید جنہوں نے اس فیسٹیول کی صدارت بھی کی، نے اپنی گفتگو کے دوران خالد فاروقی اور پروفیسر اسلم سید اور دیگر مرحومین کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی خدمات کو قابل ستائش قرار دیا۔
انہوں نے کہاکہ خاص طور پر خالد فاروقی اور پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید جیسے لوگ بہت کم پیدا ہوتے ہیں جو مظلوم لوگوں کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ظالم کے خلاف آواز بلند کرتے ہیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ خالد فاروقی نے دیانتداری سے صاف ستھری اور سچی صحافت کی اور خاص طور پر اپنی بے باک صحافت کے ذریعے کشمیر کے مظلوم لوگوں کے حقوق کو اجاگر کیا۔
شعری نشست جس کی صدارت صغیر انور وٹو نے کی، کے دوران شہباز خواجہ، طاہرہ رباب، عدیل شاکر، حر حسنین، شیراز راج، عمران ثاقب اور ناصر وصال نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ محفل موسیقی میں استاد اسد رضا قزلباش نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

Kashmir Council EU Secretariat,
Brussels, Belgium