آزاد کشمیر میں بہار آ گئی، اب سیاحوں کا انتظار

آزاد کشمیر میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہر طرف سبزہ اور پھول کھل رہے ہیں جس کی خوشبو نے فضا کو معطر کر دیا ہے۔اس خطے کے بالائی علاقوں میں گزشتہ کچھ ماہ سے وقفے وقفے سے جاری برف باری کے باعث اس مرتبہ پچھلے برس کے مقابلے زائد عرصے تک موسم سرد رہنے کے بعد اب ہر طرف بہار کی آمد ہے۔موسم بہار کی آمد کے ساتھ ہی ہر طرف درختوں پر رنگ برنگے پھول جبکہ بلندی پر موجود وسیع سر سبز میدانوں میں کھلنے والے قدرتی پھول ہر فرد کے لیے قابل دید ہیں۔

بہار کے موسم میں آزاد کشمیر کے شہروں کی نسبت مضافاتی علاقوں خصوصاً دیہاتوں کے مناظر زیادہ دلکش اور دماغ کو تروتازہ کر دیتے ہیں۔ان فرحت بخش اور مسرور کن نظاروں سمیت قدرتی حسن کو دیکھنے کے لیے پاکستان اور بیرون ملک مقیم افراد ہر سال اس خطے کا رخ کرتے ہیں۔

آزاد کشمیر میں موسم بہار کا آغاز عموماً کچھ دیر سے ہوتا ہے۔ میدانی علاقوں میں آج کل موسم بہار عروج پر ہے جبکہ بالائی علاقوں کے کچھ مقامات پر اب بھی برف موجود ہے۔

آزاد کشمیر میں ہر موسم ہی سیاحوں کے لیے پرکشش ہوتا ہے مگر برف پوش اور جنگلات سے بھرے پہاڑوں کے دامن میں کھلنے والے بہار کے پھول اس وادی کو جنت میں تبدیل کر دیتے ہیں

بہار کے رنگ دیکھنے کے لیے آنے والے سیاح اگر دارالحکومت مظفرآباد سمیت مضافاتی علاقوں سریاں، شہد گلی، پترینڈ، براراکوٹ ،لوہار گلی، ائیر پورٹ، پیر چناسی روڈ، جہلم ویلی روڈ کا رخ کریں تو وہ بہار کے دلفریب مناظر سے محظوظ ہو سکتے ہیں

اس مرتبہ اس خطے کی حکومت نے وادی کشمیر کے لوگوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے بہار کے آغاز کے ساتھ ہی سرینگر میں قائم گل لالہ کے باغ کی طرز پر مظفرآباد میں ایک باغ قائم کیا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے اس خطے میں سیاحوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیش نظر پہلی مرتبہ سیاحتی پالیسی کو مرتب کیا ہے تاکہ سیاحت کو بطور انڈسٹری پروان چڑھایا جا سکے۔