چیوننگ سکالرشپ پروگرام کے چالیس سال مکمل ہونے پر برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن کراچی میں دوستانہ فٹ بال میچ کا انعقاد

برطانوی حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے چیوننگ سکالرشپ پروگرام کے چالیس سال مکمل ہونے کی خوشی میں دوستانہ میچ برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن میں منعقد کیا گیا۔ گزشتہ شام کھیلا جانے والا میچ، برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن کراچی اور چیوننگ ایلومنائی ایسوسی ایشن کے درمیان کھیلا گیا۔ چیوننگ ایلومنائی ایسوسی ایشن نے یہ میچ چھ کے مقابلے میں سات گول سے جیت لیا۔

کھیلوں مین خواتین کی شمولیت کی اہمیت اجاگر کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے، چیوننگ ایلومنائی اور برطانوی ہائی کمیشن کے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ، کراچی یونائٹڈ اور قومی فٹ بال ٹیم کی خاتون کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔

برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن کے کپتان ایرون کلارک کو بہترین گول کیپر، جبکہ چیوننگ یونائٹڈ کی سوہا کو بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ 1983 سے اب تک 2000 پاکستانیوں کو چیوننگ سکالرشپ دیا جا چکا ہے- اس سال چیوننگ سکالرشپ پروگرام کے تحت سوینڈن ٹاون فٹ بال کلب انگلینڈ کے تعاون سے فٹ بال کوچنگ کا خصوصی سکالرشپ بھی دیا جا رہا ہے۔سکالرشپ کے لیے آن لائن درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ سات نومبر ہے۔

اس موقع پر برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر سارا مونی کا کہنا تھا

“چیوننگ سکالرشپ پانے والوں کو آج یہاں بلانا اعزاز کی بات ہے۔ چالیس سال سے چیوننگ سکالرشپ پاکستان سمیت دنیا بھر کے باصلاحیت نوجوان پروفیشنلز کو اعلٰی تعلیم کے مواقع فراہم کر رہا ہے۔ اس سال فٹ بال کوچنگ اور ہیریٹیج اور ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق سکالرشپ کے آغاز سے پاکستانی پروفیشنلز کو ان شعبوں میں اعلٰی تعلیم کے بعد اپنے ملک کو درپیش مشکلات کا سامنا کرنے کا موقع ملے گا۔”