امریکہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، امریکی سفیر

امریکی سفیر پال جانز کا کہنا ہے کہ امریکہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ پاکستان میں تعینات امریکی سفیر پال جانز کا کورونا وائرس سے متعلق جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ امریکہ نے کورونا وائرس کے خلاف ہنگامی امداد کے لیے پاکستان کو ترجیحی ممالک میں رکھا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ پاکستان کو لیب بنانے اور کورونا وائرس سے متعلق امراض کی نشاندہی کے لیے 1 ملین ڈالر کے نئے فنڈز فراہم کرے گا۔
پال جانز نے مزید کہا کہ پاکستانی حکومت کی درخواست پر ہم نے فوری طور پر کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ضروری سامان کی خریداری کا نظام وضع کیا۔

انہوں نے کہا کہ یو ایس ایڈ نے ہوائی اڈے کے حکام کے لیے مسافروں میں کورونا وائرس کے معاملات کی نشاندہی کرنے کے لیے ایک ڈیٹا بیس بھی تیار کیا ہے۔

امریکی سفیر نے کہا کہ امریکہ اور پاکستان عالمی سطح پر صحت سے متعلق چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیرینہ شراکت دار ہیں۔یو ایس ایڈ اور بیماریوں کے کنٹرول کے مراکز نے صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کو تربیت دی ہے۔
پال جانز نے کہا کہ سی ڈی سی سے 100 سے زائد فارغ التحصیل پاکستانی ابھی گلگت بلتستان اور پنجاب میں کورونا وائرس کے معاملات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو جیکب آباد انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے قیام کے لیے 18 ملین ڈالر فراہم کیے گئے ہیں۔ہم خیبر پختونخواہ میں صحت کے حکام کو 13 جدید ایمبولینسز بھی فراہم کر رہے ہیں۔

امریکی سفیر نے کہا کہ کورونا وائرس پاکستان میں پاکستانی شہریوں سمیت امریکی شہریوں کو بھی متاثر کر رہا ہے۔پاکستان میں مقیم امریکیوں سے گزارش کرتا ہوں کہ ہمارے اسمارٹ ٹریولر انرولمنٹ پروگرام میں رجسٹرڈ ہوں۔

پال جانز نے کہا کہ جس طرح آپ گھر پر کام کررہے ہیں ، اسی طرح امریکی مشن میں ہم انفیکشن سے بچنے کے لئے محتاط اقدامات کر رہے ہیں۔ ہمارے عملے میں سے کچھ عارضی طور پر اپنے وطن واپس منتقل ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکی سفارتخانے کی خدمات ویب سائٹ کے ذریعے ایمرجنسی ویزا اور امریکی شہری معاملات تک ہی محدود ہیں۔
امریکی سفیر نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے لیے صحت اور خوشحالی کے کے حصول کے لیے نئی ٹیکنالوجیز اور وسائل کے ساتھ اپنے تعاون کو گہرا کرنے کے طریقوں کی تلاش میں رہیں گے۔